ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے ایرانی جزائر کے بارے میں متحدہ عرب امارات کے بیانات کو غلط اور بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی ارضی سالمیت پر کسی سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔ ترجمان نے کہا کہ تینوں جزائر ایرانی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہیں اور ایرانی سرزمین کا سودا کسی سے نہیں کرسکتے ۔
ترجمان نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں صدر روحانی کے نیویارک کے دورے کو کامیاب قراردیتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر نے ایرانی قوم کے حقوق کا بھر پور انداز میں دفاع کیا اور ایرانی قوم کی آواز کو دنیا کے سامنے پیش کیا ترجمان نے کہا کہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہے کیونکہ ایران خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور دہشت گردوں نے کئی ایرانی سائنسدانوں کو شہید کردیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیاں ظالمانہ ہیں کیونکہ ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے اور ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کو بہانہ بنا کر پابنیداں عائد کرنا ایک قسم کا ظلم ہے اور ایران ظلم کے خلاف سرنہیں جھکائے گا۔
.......
/169